ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاروار : ضلع ایس پی کے عہدے پر  پھر ہو سکتا ہے نیا تقرر ۔ چل رہی ہے سیاسی کرتب بازی 

کاروار : ضلع ایس پی کے عہدے پر  پھر ہو سکتا ہے نیا تقرر ۔ چل رہی ہے سیاسی کرتب بازی 

Sat, 17 Jul 2021 12:29:47    S.O. News Service

کاروار ،17؍ جولائی (ایس او نیوز) ضلع پولیس ایس پی شیوا پرکاش دیو راجو کا تین دن پہلے  تبادلہ کرکے ان کی جگہ ورتیکا کٹیار آئی پی ایس کا تقرر کیا گیا تھا۔ مگر ورتیکا کو ابھی تک موومنٹ آرڈر نہ ملنے کی  وجہ سے وہ کاروار پہنچ کر  اپنے عہدے کا چارج نہیں لے  پائیں ہیں۔
    
اس دوران بنگلورو کے سیاسی اور محکمہ پولیس کے حلقوں سے جو خبریں باہر نکل رہی ہیں اس کے مطابق ضلع شمالی کینرا میں اب ورتیکا کی جگہ اس سے پہلے ضلع میں ایڈیشنل ایس پی کے طور پر  خدمات انجام دے چکے کے جی دیوراج کی نامزدگی ہوسکتی ہے۔ معتبر ذرائع سے ملی اطلاعات کے مطابق  شیوا پرکاش دیو راجو کو یہاں سے دوسرے مقام پر تبادلہ کرکے بھیجنے کے بعد ضلع ایس پی کی صورت میں اپنا تقرر کروانے کے لئے ایک طرف  کے جی دیوراج خود ہی دلچسپی لے رہے تھے اور اس ضمن میں انہوں نے اپنی طرف سے مراسلہ بھی دے رکھا تھا، دوسری طرف ضلع کے ایک بااثر سیاست داں کی طرف سے انہیں یہاں لانے کی پرزور کوشش کی جارہی تھی۔ اسی بیچ شیواپرکاش کا تبادلہ تو ہوگیا لیکن نہ جانے کیا ہوا کہ کے جی دیوراج کے بجائے ورتیکا کا نام سامنے آگیا۔ 
    
عام طور پر آئی پی ایس افسران کا تبادلہ ہوتے ہی دوسرے  دن وہ اپنے عہدے کا چارج لیتے ہیں۔  لیکن ورتیکا کو معمول کے مطابق موومنٹ آرڈر ہی نہیں دیا گیا اس لئے وہ  چارج لینے کے لئے نہیں پہنچیں ۔ اسی کے ساتھ یہ بھی پتہ چلا ہے کہ خود ورتیکا کٹیار ضلع شمالی کینرا میں تعینات ہونے میں دلچسپی نہیں رکھتیں ۔ ایسے میں یہ خبریں بھی مل رہی ہیں کہ ضلع کے بااثر سیات دان کے علاوہ ایک اور سیاست دان نے کے جی دیوراج کی ضلع ایس پی کے طور پر تعیناتی کے لئے سبز جھنڈی دکھا دی ہے ۔  جس کے بعد اب ورتیکا کے بجائے کے جی دیوراج کو یہ عہدہ سونپے جانے کے امکانات   بڑھ گئے ہیں ۔
    
ادھر بنگلورو کے سیاسی حلقوں سے معلوم ہوا ہے کہ وزیر اعلیٰ ایڈی یورپا دہلی سے واپس لوٹتے ہی جملہ 15 آئی پی ایس افسران کے تبادلے کے سلسلے میں احکام جاری کریں گے جس میں ورتیکا کٹیار کا مسئلہ بھی شامل رہے گا۔ بہر حال دو ایک دن میں مطلع صاف ہوجائے گا اور پتہ چل جائے گا کہ ضلع شمالی کینرا کے ایس پی کا عہدہ کس کے حق  میں جاتا ہے۔


Share: